
لہسن کھایئں اور وزن گھٹائیں
سب سے زیادہ ضروری ہے کہ دن کی شروعات بہترین چیز سے کی جائے۔ پوری رات سات سے آٹھ گھنٹے ہمارا معدہ خالی رہتا ہے۔ ایسے میں صبح سویرے ہم جو بھی کھائیں وہ جسم پر بہت جلد اثر کرتا ہے اور جسم کی چربی گھٹانے کے لیے یہی وقت بہترین ہوتا ہے۔
یہ تو ہم سبھی جانتے ہیں کہ دن بھر میں ہم جو بھی کھائیں اس کا اثر ہمارے چہرے اور جسم پر نظر آتا ہے یوں تو ہمیں پورا دن اپنے کھانے پینے کی چیزوں پر نظر رکھنی چاہیے اور ہمیں پتا ہونا چاہیے کہ جو ہم کھا رہے ہیں اس کا ہماری صحت پر کیا اثرہو گا۔
اپنے دن کی شروعات لیموں کے رس سے کریں۔ایک گلاس نیم گرم پانی میں لیموں کا رس شامل کر کے چٹکی بھر نمک ڈالیں اور پی جائیں۔اس کا روزانہ استعمال نہ صرف آپ کے جسمانی افعال کو بہتر رکھتا ہے بلکہ رفتہ رفتہ بڑھے پیٹ کو بھی کم کرتا ہے۔
چاول ہمارے ہاں ہر گھر میں نہایت شوق سے کھائے جاتے ہیں۔تہواروں پر بھی ان سے مختلف ڈشز تیار کی جاتی ہیں،لیکن جان لیں کہ چاول جسم میں چربی پیدا کرنے کا باعث بھی بنتے ہیں اور ان کے سبب وزن گھٹا نا بھی مشکل ہو جاتا ہے،لہٰذا ایسی خواتین جو چاول کھائے بنا نہیں رہ سکتیں انہیں چاہیے کہ سفید چاولوں کا استعمال کم کر دیں اور اس کی جگہ بھورا چاول کھائیں۔یہ آ پ کی صحت کے لیے بھی مفید ہے۔اس کے علاوہ برائو ن بریڈ،جو اور دلیے وغیرہ کو اپنی غذا کا حصہ بنائیں۔جس سے فائبر کی کمی دور ہو گی اور دوسری جانب چربی گھلانے میں بھی مدد ملے گی۔
شکر اور اس سے بنی اشیاء کا استعمال بند کرنا اگرچہ مشکل ہے لیکن اس سے پرہیز بہت ضروری ہے۔یاد رہے کہ سافٹ ڈرنکس بھی انہی میں شامل ہیں جو اپنے اندر بہت چینی رکھتے ہیں۔دوسری جانب شکر والے مشروبات میں تیل موجود ہوتا ہے جو پیٹ اور رانوں سمیت جسم میں کئی مقامات پرچربی بڑھاتا ہے۔
اگر آپ کمر اور پیٹ کی چربی کم کرنا چاہتی ہیں تو پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔پانی خون میں شامل ہوتا ہے اور چکنائی کو گھٹاتاہے ،جبکہ زیادہ پانی پینے سے بدن کے زہریلے مرکبات خارج ہوتے رہتے ہیں۔
ہر صبح دیسی لہسن کی ایک یا دو تریاں کھانا بہت مفید ہوتا ہے۔اگر لہسن کا جو چھیل کر اسے چمچ سے پیس کر کھایا جائے اور ساتھ ہی لیمو ں کا پانی پی لیا جائے تو ایک جانب توخون کی روانی بہتر ہوتی ہے اور دوسری جانب پیٹ کی چربی کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
پیٹ کم کرنے کے لیے مکمل سبزی خور بننا درست نہیں کیونکہ گوشت میں موجود کچھ اہم اجزاء کا متبادل بھی گوشت ہی ہے۔اس کے علاوہ مچھلی کا استعمال بھی مناسب ہے۔سبزیوں اور پھلوں کا استعمال بڑھانے سے پورے جسم کو فائدہ ہوتا ہے۔اس لیے ہر موسم کی سبزی اور پھل کو اپنی خوراک کا حصہ بنائیں۔دارچینی بلڈ پریشر اور شوگر میں مفید ہے تو ہلدی اینٹی آکسیڈینٹ اجزاء سے بھر پور ہے۔کالی مرچ، دھنیا، ادرک اور میتھی کے بھی بے شمار فائدے ہیں۔انہیں اپنی غذا میں ضرور شامل کریں